پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے کچے علاقے میں راکٹ لانچر کا شیل پھٹ گیا جس سے دھماکہ ہوا۔ دھماکے میں بچوں اور ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ گھوڑا گھاٹ کی حدود علی نواز سبزوئی میں پیش آیا جہاں اہل خانہ نامعلوم مقام سے ملنے والے خول کو فروخت کرنے کے لیے توڑ رہے تھے۔
حادثے میں چار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ گولہ پھٹنے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
کندھ کوٹ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دوسری جانب ایس ایس پی میر روحل خان کھوسہ نے کہا ہے کہ کندھ کوٹ میں شیل پھٹنے سے 8 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بچوں نے گولہ زمین پر پایا اور گھر لے آئے، بچے اور خواتین شیل کو دیکھ رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہوا۔
ایس ایس پی کندھ کوٹ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے، میں بھی موجود ہوں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
165