اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان سے کیے گئے امدادی وعدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے 16.4 بلین ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے۔اقوام متحدہ کی 78ویں جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ر ایک پوسٹ کے ذریعے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی امداد پر زور دیتے ہوئے اسے عالمی برادری کا اخلاقی فرض قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات
انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب کو ایک سال گزرنے کے باوجود لاکھوں بچے اب بھی بنیادی سہولیات اور انسانی امداد کے منتظر ہیں۔ڈینس فرانسس نے کہا کہ اس امتحان میں پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا ہمارا اخلاقی فرض بنتا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور اقوام متحدہ کے نظام کو بحالی اور تعمیر نو کے لیے پاکستان کو غیر متزلزل مدد فراہم کرنی چاہیے۔
مزید پڑھیں
سویڈن واقعہ، پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اعلیٰ سطحی اجلاس اپنے اختتام کو پہنچ گیا، جس میں پاکستان کے نگراں وزیراعظم سمیت دنیا بھر سے 88 سربراہان مملکت، 42 سربراہان حکومت اور 650 سے زائد وزراء نے شرکت کی۔