پیرس میں منعقدہ تقریب میں میسی کو سال 2023 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس کے علاوہ میسی کے ارجنٹائن کے ساتھی ایمیلیانو مارٹینیز نے بہترین گول کیپر کی یشان ٹرافی جیتی جبکہ انگلینڈ اور ریال میڈرڈ کے مڈفیلڈر جوڈ بیلنگھم کو کوپا ایوارڈ سے نوازا گیا۔لیونل میسی کا ورلڈ کپ 2022 ارجنٹائن کے 36 سال بعد تیسری بار ورلڈ کپ جیتنے میں اہم کردار اد رہا تھا۔ میسی نے ورلڈ کپ 2022 میں 7 گول کیے اور 3 گول اسسٹ کیے، جب کہ گزشتہ سیزن میں انھوں نے 41 میچوں میں 21 گول کیے تھے۔
اس کے علاوہ میسی نے امریکی فٹبال کلب انٹر میامی کو اس سال پہلی بار لیگ کپ جتوانے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے میجر لیگ میں 14 میچوں میں 11 گول بھی کیے۔میسی سب سے زیادہ 8 بار ‘بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت چکے ہیں، انہوں نے پہلی بار 2009 میں بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتا تھا اور 2010، 2011، 2012، 2015، 2019 اور 2021 میں بھی یہ ایوارڈ میسی کے حصے میں آیا تھا۔
پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو 5 بار یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں، رونالڈو نے آخری مرتبہ سال 2017 میں فٹبالر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔پچھلے سال بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما کے حصے میں آیا تھا۔واضح رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانس فٹبال کی جانب سے سال کے بہترین فٹبالر کو دیا جاتا ہے جب کہ دنیا بھر کے 100 صحافی فاتح کو ووٹ دیتے ہیں۔