لاہور اور سموگ سے متاثرہ دیگر اضلاع میں جمعرات اور جمعہ کو جزوی سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا جا رہا ہے، پنجاب حکومت نے آج اور کل مارکیٹیں، ریسٹورنٹس اور جم کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
سموگ کے باعث ہفتہ اور اتوار کو مکمل سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا، سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تعلیمی ادارے، دفاتر، شاپنگ مالز، ریستوران، سینما اور جم بند رہیں گے۔
سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز، پیٹرول پمپس، تندور، بیکریاں اور ڈیری شاپس وغیرہ پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
سموگ کے باعث فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ، ٹائر، پولی تھین بیگز اور چمڑے کو جلانے پر پابندی ہوگی۔
پابندی کا نفاذ لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ اور قصور میں ہوگا، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، نارووال اور حافظ آباد میں بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔
ڈی سی لاہور رفیعہ حیدر کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو لاہور سے باہر آنے والی ٹریفک روک دی جائے گی۔ انسداد سموگ لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ اسموگ لاک ڈاؤن کو کامیاب بنانے کے لیے پولیس شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر موجود ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے اعلان کیا ہے کہ اسموگ سے متاثرہ اضلاع میں 10 نومبر کو بینک بھی بند رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے 8 نومبر 2023 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور نارووال میں تمام بینک، مائیکرو فنانس بینک 10 نومبر بروز جمعہ کو اپنی شاخیں بند رکھیں گے۔ .