پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان اور شان مسعود کو ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔ سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض کو نیا چیف سلیکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈائریکٹر مکی آرتھر سمیت اپنے پورے کوچنگ اسٹاف کا پورٹ فولیو تبدیل کردیا ہے۔ تمام کوچز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ مقررہ وقت پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ سیریز کے لیے نئے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کرے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 12780 رنز بنائے اور 253 وکٹیں لیں۔وہ حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ٹیکنیکل کمیٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ محمد حفیظ 2017 میں انگلینڈ میں منعقدہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔