ترک حکام کے مطابق لاپتہ ترک مال بردار بحری جہاز کا بحیرہ اسود میں طوفان میں پھنس جانے کے بعد رابطہ منقطع ہو گیا تھا اور اس کے بعد سے جہاز اور اس کا عملہ لاپتہ ہے۔حکام کے مطابق لاپتہ ترک مال بردار جہاز کافکا میٹلر پر کپتان سمیت عملے کے 12 افراد سوار تھے۔
حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح جہاز کے کپتان نے اطلاع دی کہ جہاز ترکی کے شمال مغربی زونگلودک صوبے سے دور ایرگلی کے پانیوں سے گزر رہا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ علاقے میں سمندری طوفان کے باعث لاپتہ جہاز کی تلاش کے لیے امدادی کشتیاں بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے جب کہ تیز ہواؤں کے باعث ہیلی کاپٹروں کے ذریعے تلاش شروع کرنا ممکن نہیں ہے۔حکام کے مطابق ریسکیو اور تلاش کا کام شروع کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں، ٹیمیں بھی تیار ہیں، جیسے ہی موسم موزوں ہوگا ٹیمیں روانہ کردی جائیں گی۔