پرواز کی ایمرجنسی میڈیکل لینڈنگ کے بعد خاتون مسافر کو جناح ٹرمینل پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم خاتون مسافر بچ نہ سکی
ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق طیار ے نے صبح 4 بجکر 15 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ طیارے کی ایک ہندوستانی خاتون مسافر جوہرا بی جانچ کے دوران مردہ پائی گئی۔ بعد ازاں طیارہ مردہ خاتون کو لے کر اپنی منزل کے لیے روانہ ہوگیا۔
اس کے علاوہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک اور میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی۔ مسقط سے کراچی آنے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے دوران مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق ایمبولینس، ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف کو بلایا گیا۔ طیارہ لینڈنگ کے لیے پہنچ رہا تھا کہ مسافر کو اچانک مرگی کا دورہ پڑا۔
طیارے کو فوری طور پر لینڈ کر دیا گیا ڈاکٹر پیرامیڈیکل سٹاف رن وے پر پہنچ گیا اور مسافر کا طبی معائنہ کرنے کے بعد اسے سول ایوی ایشن کی ایمبولینس کے ذریعے نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔