وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے سکائی نیوز العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کی قیادت کو سی او پی 28 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان سی او پی 28 میں 30 ارب ڈالر کے فنڈز کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے، دنیا اس وقت موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نقصان ہوا ہے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے اربوں ڈالرز کے اعلان سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
اسرائیل فلسطین جنگ پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اگر غزہ کی پٹی میں بمباری بند نہ کی گئی تو پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔
انٹرویو میں وزیراعظم نے پاکستان میں مقیم غیر قانونی افغان تارکین وطن کی واپسی کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان نے سیاسی، سماجی اور دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔