اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقے نقورا میں عمارت پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے چار ارکان شہید ہو گئے جن میں اعلیٰ عہدیدار حسین یزبک بھی شامل ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کیا تھا اور حماس کے سیاسی دفتر کے نائب صالح العروی سمیت دیگر کو شہید کردیا تھا۔ادھر اسرائیلی فوج نے غزہ کے رہائشی علاقوں پر بمباری کرکے 24 گھنٹوں کے دوران 120 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا جب کہ صہیونی فوج کی ایک اسرائیلی یرغمالی کو آزاد کرانے کی کوشش ناکام ہوگئی اور یرغمالی مارا گیا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس کے پولیٹیکل بیورو کے نائب سربراہ کی 5 ساتھیوں سمیت ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صالح العروی کی ہلاکت کی اسرائیل کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے حماس رہنما کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صالح العرو ی کے قتل کی سزا اسرائیل کو دی جائے گی۔جنرل سلیمانی کی شہادت کی چوتھی برسی پر اپنے خطاب میں حسن نصر اللہ نے کہا کہ اگر اسرائیل نے لبنان کے خلاف جنگ شروع کی تو ہماری محدود جنگ کا دائرہ ختم ہو جائے گا۔ .