غزہ کی پٹی کے علاقے رفح سمیت خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں اور دیگر رہائشی علاقوں پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی شدید بمباری کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 200 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ شہر کے نواحی علاقے رامل میں رہائشی اپارٹمنٹ پر بمباری کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہو گئے، یرموک مارکیٹ میں کار پر حملے کے نتیجے میں 3 افراد بھی شہید ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایمبولینسوں کو غزہ شہر اور اس کے شمال میں بمباری والے علاقوں تک پہنچنے سے بھی روک دیا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی گاڑیاں غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہیں جہاں کئی روز سے فلسطینی دھڑوں اور اسرائیلی مسلح افواج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ اسرائیل نے زمینی کارروائی میں اب تک 200 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی پارلیمنٹ کے اجلاس میں یرغمالیوں کے اہل خانہ کے احتجاج اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے حماس کے ساتھ معاہدے کے مطالبے کے علاوہ یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں اسرائیل پر مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 25 ہزار 474 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ وحشیانہ صہیونی حملوں میں 62 ہزار 681 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے نصف سے زائد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔