امریکی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فوجی یرغمالیوں کو بچاتے ہوئے ہلاک نہیں ہوئے بلکہ غزہ میں غیر قانونی بفر زون بنانے کی کوشش کے دوران ہلاک ہوئے۔امریکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی غزہ میں مختلف عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا کر بفر زون قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
امریکی میڈیا نے بتایا کہ عمارتوں کو تباہ کرنے کے لیے ان میں دھماکہ خیز مواد رکھا جا رہا تھا کہ حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا جس سے عمارت میں دھماکہ ہوا اور وہاں موجود فوجیوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔اس سے قبل اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کو چھڑانے کی کوشش میں فوجیوں کو ہلاک کیا گیا تھا تاہم اب یہ واضح ہوگیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں عمارتوں اور مکانات کو تباہ کرکے غزہ کی سرزمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔اور حماس نے بفر زون بنانے کی اسرائیلی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے اہلکار نے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے حوالے سے کہا ہے کہ جس طرح فلسطینی قیدیوں کو برہنہ کیا جا رہا ہے، مارا پیٹا جا رہا ہے اور لاپتہ کیا جا رہا ہے، یہ ممکنہ طور پر تشدد کے زمرے میں آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں فلسطینی انتہائی خوفناک حالات میں اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔