ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق تینوں سرکاری پریس ایجنسیوں میں تمام 859 انتخابی حلقوں کے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی گئی ہے۔ کام وقت پر مکمل کر لیا گیا ہے، ملک بھر میں بیلٹ پیپرز کی تقسیم کا عمل جاری ہے جو آج تک مکمل ہو جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے اور 800 ٹن خصوصی سیکیورٹی پیپر استعمال کیا گیا جب کہ 2024 کے عام انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے جس میں 2170 ٹن کاغذ استعمال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق زیادہ بیلٹ پیپرز چھاپنے کی بڑی وجہ حلقوں میں امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہے جو 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں 150 گنا زیادہ ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے عمل کے دوران مختلف مراحل میں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، چیلنجز میں عدالتی مقدمات اور امیدواروں کی بڑی تعداد شامل ہے۔