برطانوی پارلیمنٹیرینز نے برطانوی پارلیمنٹ اور برطانوی حکومت سے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔منگل کو برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں برطانوی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ برطانوی حکومت اور پارلیمنٹ لاکھوں کشمیریوں کے مصائب کے خاتمے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
اراکین پارلیمنٹ نے بھارت سے مواصلاتی بندش اٹھانے، سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے، انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ علاقے تک رسائی دینے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا۔اس حوالے سے پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ جموں و کشمیر تنازع کی جڑیں تاریخ اور جغرافیائی سیاست میں پیوست ہیں، کشمیر جنوبی ایشیا کا دیرینہ مسئلہ ہے۔