ڈونلڈ لو کا پاکستان میں انتخابات سے متعلق بیان امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ بیان میں ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل پولیس، سیاست دانوں اور سیاسی اجتماعات پر دہشت گرد حملے ہوئے، کئی صحافیوں بالخصوص خواتین صحافیوں پر پارٹی کے حامیوں نے حملہ کیا۔ڈونلڈ لو نے کہا کہ بین الاقوامی انتخابی مبصرین کی تنظیم نے کہا کہ انہیں ملک کے تقریباً نصف حلقوں میں مشاہدہ کرنے سے روکا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کا اہم پارٹنر ہے، ہم پاکستان کے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔امریکی معاون وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ القاعدہ اور داعش کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کے احترام کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔
ڈونلڈ لو نے کہا کہ امریکا پاکستانی مصنوعات درآمد کرنے والے سرفہرست ممالک میں شامل ہے، امریکا پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اپنے بیان میں امریکی معاون وزیر خارجہ ڈونلڈ لو نے کہا کہ امریکا پاکستان کے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنے والا اہم ترین سرمایہ کار ہے، امریکا منگلا اور تربیلا ڈیموں کی اپ گریڈیشن میں بھی معاونت کر رہا ہے۔