اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حج سیزن میں گرمی سے جاں بحق ہونے والے عازمین کی تعداد 922 ہوگئی ہے۔عرب سفارت کار کا کہنا ہے کہ مرنے والے مصری حجاج کی تعداد کم از کم 600 ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جاں بحق ہونے والے دیگر زائرین کا تعلق اردن، انڈونیشیا، ایران، سینیگال، تیونس اور عراق سے ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان ممالک کے زائرین کی موت گرمی کی لہر کی وجہ سے ہوئی ہے یا نہیں۔
20 لاپتہ اردنی حاجیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق اس سال 18 لاکھ افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ حج کے دوران درجہ حرارت 51.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سعودی عرب نے ہلاکتوں کے بارے میں معلومات جاری نہیں کی ہیں تاہم اتوار کو کہا گیا تھا کہ 2700 افراد گرمی سے متاثر ہوئے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق ہیٹ ویو کے باعث جاں بحق ہونے والے عازمین کی اکثریت ان لوگوں کی ہے جنہوں نے حج کے لیے اپنی رجسٹریشن نہیں کرائی تھی جس کی وجہ سے وہ ایئرکنڈیشنڈ مقامات تک رسائی حاصل نہیں کر سکے۔یاد رہے کہ سعودی محکمہ موسمیات نے رواں سال حج کے سیزن میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی تھی اور اس کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج کے لیے پانی کے فوارے اور ٹھنڈے پانی کا انتظام کیا تھا۔ اس کے علاوہ سعودی انتظامیہ نے مختلف ممالک کے عازمین حج کو بھی گرمی سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔