اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیو ز) امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کو ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کی خریداری کے لیے جلد 3.5 بلین ڈالر جاری کیے جانے کا امکان ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ رقم آئندہ چند ماہ میں اسرائیل کو جاری کردی جائے گی جب کہ امریکی کانگریس پہلے ہی رقم کی منظوری دے چکی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے دو روز قبل بتایا کہ محکمہ خارجہ نے کانگریس کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت اسرائیل کو اربوں ڈالر کی غیر ملکی فوجی امداد جاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کو 3.5 ارب جاری کرنے کا فیصلہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور غزہ میں اسرائیلی حملوں کے باوجود کیا گیا جس میں اب تک ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔