اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال کو عمران خان کی سہولت کاری کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔
سیکیورٹی اداروں نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کو حراست میں لے لیا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر گرفتار کیا گیا۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم پر پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی سہولت کاری کا الزام ہے، ان پر عمران خان کو پیغامات بھیجنے کا بھی الزام ہے، سیکیورٹی اداروں نے آئی جی جیل خانہ جات کو آگاہ کیا، محمد اکرم کو پہلے عہدے سے ہٹایا گیا۔
حساس اداروں کی جانب سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات کے بعد محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
سابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بلال کو بھی پی ٹی آئی کے بانی کی سہولت کاری کے معاملے پر تحقیقات کے لیے تحویل میں لے لیا گیا، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم اور اسسٹنٹ بلال نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف جیل مینوئل فراہم کیا۔ دی جانے والی سہولیات پر بھی سوالات اٹھائے گئے، دونوں افسران کو 20 جون کو ہٹا کر آئی جی جیل خانہ جات کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق معاملے کی تحقیقات میں تیزی لائی گئی ہے، دیگر سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا رہا ہے، دونوں اہلکاروں کی باقاعدہ گرفتاری سامنے نہیں آئی، معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
47