اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے سفارتی دباؤ بڑھانے کے لیے مشرق وسطیٰ کے دورے پر تل ابیب پہنچ گئے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن آج اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے جس میں حماس کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر بات چیت ہوگی۔
انٹونی بلینکن اسرائیلی صدر اور وزیر دفاع سے بھی ملاقات کریں گے، وہ اسرائیلی رہنماؤں سے ملاقات کے بعد کل مصر روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ غزہ جنگ کے آغاز کے بعد بلینکن کا اسرائیل کا یہ 9واں دورہ ہے۔
اس کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا، دونوں رہنماوں نے یمن، غزہ اور سوڈان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے غزہ جنگ بندی معاہدے کے لیے اسرائیل پر سفارتی دباؤ بڑھانے پر زور دیا۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے جہاں جبالیہ پناہ گزین کیمپ دیر البلاح اور خان یونس پر حملے کیے گئے۔ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں مزید 25 فلسطینی شہید اور 72 زخمی ہوگئے۔
83