اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 42 فلسطینی شہید اور 163 زخمی ہوگئے۔الجزیرہ کے مطابق طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقوں دیر البلاح اور خان یونس میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 40 ہزار 265 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 93 ہزار 144 افراد زخمی ہیں۔
دوسری جانب جنوبی غزہ میں لڑائی کے دوران ایک صہیونی فوجی مارا گیا جس کی اسرائیلی فوج نے تصدیق کردی۔اسرائیلی فوج کے مطابق اشکیلون سے تعلق رکھنے والا 19 سالہ نیکمیا 401 ویں بریگیڈ کی 46ویں بٹالین میں سپاہی تھا جو ٹینک شکن میزائل حملے میں مارا گیا۔اسرائیلی فوج نے 27 اکتوبر کو غزہ پر اپنی زمینی کارروائی کے آغاز سے اب تک اپنے 330 سے زائد فوجیوں کو ہلاک کرنے کا اعتراف کیا ہے۔