اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 3 سے 20 اکتوبر تک دبئی اور شارجہ میں ہونے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا، روایتی حریف پاکستان اور بھارت 6 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گے۔ایونٹ میں 10 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ ’اے‘ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا جبکہ گروپ ’بی‘ میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان بنگلہ دیش اور سکاٹ لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔پاکستان ویمنز ٹیم اپنی مہم کا آغاز 3 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف شارجہ میں میچ سے کرے گی، قومی ٹیم دوسرا میچ 6 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف دبئی، تیسرا میچ 11 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔ گروپ مرحلے کا آخری میچ 14 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش سے یو اے ای منتقل ہو گیا۔ایونٹ کے سیمی فائنلز 17 اور 18 اکتوبر کو دبئی اور شارجہ میں ہوں گے، ایونٹ کا فائنل 20 اکتوبر کو دبئی میں شیڈول ہے۔یاد رہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں شیڈول تھا تاہم بنگلہ دیش کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا تھا۔آئی سی سی نے اعلان کیا تھا کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو منتقل کر دیا گیا ہے لیکن بنگلہ دیش ایونٹ کا میزبان رہے گا۔