اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ امیر مقام کینیڈا کے دورے پر ہیں وفاقی وزیر نے ممتاز کشمیری تارکین وطن کے ایک اجتماع سے خطاب کیا جس میں مسٹر شفقت علی ایم پی اور ٹورنٹو، کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان بھی شامل تھے اور انہوں نے کمیونٹیز کے درمیان مضبوط تعلقات اور کشمیریوں کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
کینیڈا میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر شاہ فیصل کاکڑ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ممتاز رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے تناظر میں وزیر کے دورے کی اہمیت اور کشمیریوں کی انصاف کے لیے جاری جدوجہد پر زور دیا۔ ۔ انہوں کہا کہ پاکستانی کمیونٹی بالخصوص کینیڈا میں مقیم کشمیری باشندے کشمیری عوام کے حقوق اور امنگوں کی وکالت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے اپنی زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر دی۔
قائم مقام ہائی کمشنر نے کہاآپ کا دورہ نہ صرف کشمیر کاز کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے ان کی جائز جدوجہد میں پاکستان کی ثابت قدم حمایت کی ایک طاقتور یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا ہمیں یقین ہے کہ آپ کی یہاں موجودگی ہماری کمیونٹی کو تحریک اور حوصلہ بخشے گی کیونکہ وہ کشمیر کے کاز کو آگے بڑھانے کے لیے اتحاد کے ساتھ کام کر رہے ہیں
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے تعاون پر زور دیا اور کہا کہ کمیونٹی پاکستان اور کینیڈا دونوں کی ترقی اور پیشرفت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز اٹھاتی ہے اور عالمی برادری پر زور دیتی ہے کہ وہ IIOJK پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے کام کرے۔ وزیر امیر مقام کا دورہ کینیڈا میں پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور کشمیری عوام کی حمایت کے مشترکہ عزم کو مزید تقویت دے گا۔