اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے بغیر اجازت سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کردی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ملازمین بغیر اجازت میڈیا کا کوئی پلیٹ فارم استعمال نہیں کر سکتے، یہ فیصلہ سرکاری معلومات اور دستاویزات کے افشاء کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین گورنمنٹ سرونٹ (کنڈکٹ) رولز 1964 کی پابندی کریں، کوئی سرکاری ملازم بغیر اجازت سوشل میڈیا کی کوئی ایپلیکیشن استعمال نہیں کر سکے گا۔
سرکاری ملازم بغیر اجازت سوشل میڈیا پر اپنی رائے یا بیان بازی کا اظہار نہیں کر سکتا، ہدایات کی خلاف ورزی پر سرکاری ملازم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، سرکاری ملازم سرکاری دستاویز، معلومات غیر متعلقہ افراد کے ساتھ شیئر نہیں کر سکتا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین ایسی رائے یا حقائق بیان نہیں کر سکتے جس سے حکومت کی ساکھ متاثر ہو، ملازمین کو حکومتی پالیسی، فیصلوں، ملکی خودمختاری، وقار کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں، ملازمین میڈیا میں بات نہیں کر سکتے۔ جس سے دوسرے ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر ہوتے ہیں۔
127