اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کے تفصیلی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن فوری طور پر مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ تفصیلی فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس کوئی آپشن نہیں بچا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کے یکم مارچ کے فیصلے کو آئین سے متصادم قرار دیا ہے۔ آئین کی خلاف ورزی پر چیف الیکشن کمشنر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے، سپریم کورٹ کا حکم نہ ماننے پر وزیراعظم اور الیکشن کمیشن توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ تفصیلی فیصلے میں پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ جعلی حکومت کا پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا۔ ملک میں تمام کرپشن کی جڑ الیکشن کمشنر ہے جو قوم کا مجرم ہے۔
37