اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) نائیجیریا کے ضلع موکوا میں دریائے نائجر میں کشتی ڈوب گئی جس کے بعد 100 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کشتی مقامی طور پر لکڑی سے بنائی گئی تھی جس میں 100 افراد کی گنجائش تھی تاہم جب کشتی روانہ ہوئی تو اس میں 300 افراد سوار تھے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کشتی میں سوار افراد مذہبی تہوار مکمل کرکے واپس آرہے تھے۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی حکام نے 150 افراد کو بچا لیا تاہم 100 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ کشتی حادثے میں مرنے والوں کی تعداد کے حوالے سے اب تک متضاد دعوے سامنے آئے ہیں، ایک مقامی اخبار کے مطابق ڈوبنے والے نو افراد کی لاشیں مل گئی ہیں، جب کہ ایک مقامی کونسل کے رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ 60 لاشیں مل چکی ہیں۔