اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) آؤٹ آف فارم مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم کو انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ ۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 47 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔بابر اعظم نے آخری بار دسمبر 2022 میں ٹیسٹ فارمیٹ میں پچاس سے زیادہ کا سکور بنایا تھا، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 161 رنز بنائے تھے، لیکن لگاتار 20 اننگز میں وہ صرف 20.33 کی اوسط سے صرف 366 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ سابق انگلش کمنٹیٹر اور کپتان ناصر حسین نے بھی بابر اعظم کی خراب فارم پر سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم 18 سے زائد اننگز میں 50 یا اس سے زیادہ رنز بنانے میں ناکام رہے ہیں۔دوسری جانب پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں آج ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 15 اکتوبر سے شروع ہوگا۔پاکستانی ٹیم نے ابھی تک دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن توقع ہے کہ بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے جس میں سینئر کھلاڑیوں کو بھی آرام دیا جا سکتا ہے۔اسی طرح ملتان میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ کے لیے 2 اسپنرز کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے لیکن چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی منظوری کے بعد قومی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔