اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیلی یوم کپور کے موقع پر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں علی الصبح ایک بند یہودی سکول کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ جس سے کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا تاہم سکول کی ایک کھڑکی کو ہلکا نقصان پہنچا ہے۔ فائرنگ کرنے والے مبینہ افراد موقع سے فرار ہوگئے۔غزہ میں جاری اسرائیلی جنگ کے بعد سے اب تک یہ دوسرا اہم واقعہ ہے۔ جس میں یہودی سکول کو مبینہ طور پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے پہلے پیش آنے والے ایسے ہی ایک واقعے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا تھا۔تاہم کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے ملک میں غزہ جنگ کی وجہ سے بڑھنے والے یہود مخالف واقعات میں اضافے پر پریشانی ظاہر کرتے ہوئے کہا ‘میں بہت مضطرب ہوں کہ یوم کپور کے موقع پر یہودی سکول کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔’وزیر اعظم نے کہا ‘ابھی ہمیں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ لیکن میرا دل سکول کے طلبہ و طالبات کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔ میں ان والدین کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتا ہوں جن کے بچے اس سکول میں پڑھتے ہیں۔ ‘ واضح رہے سکول شمالی یورک کے علاقے ٹورنٹو میں واقع ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق جو یہودی تنظیم ‘بنائے برتھ کینیڈا’ نے شائع کی تھی میں بیان کیا گیا ہے کہ 2022 کے مقابلے میں 2023 میں پیش آنے والے یہود مخالف واقعات دو گنا زیادہ ہیں۔2023 نومبر میں یہودی سکول کو ایک ہفتے میں دو مرتبہ فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ تاہم کسی قسم کا نقصان ہوا تھا نہ کوئی فرد زخمی ہوا تھا۔