اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسرائیل کی جانب سے ایران، لبنان اور عراق پر حملوں کی دھمکیوں کے پیش نظر قطر ایئرویز نے ان ممالک کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق قطر ایئرویز نے اعلان کیا ہے کہ وہ کچھ عرب ممالک کے لیے اپنی پروازیں معطل کر رہی ہے اور انہیں دوسروں تک محدود کر رہی ہے۔قطر ایئرویز کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اردن کے لیے پروازیں صرف دن کی روشنی میں دستیاب ہوں گی اور شام کے بعد معطل کر دی جائیں گی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران، لبنان اور عراق کے لیے پروازیں اگلے اطلاع تک معطل رہیں گی۔
مسافروں کی زندگی کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ان ممالک کا سفر کرنے سے پہلے ایئر لائن کے دفاتر سے مکمل معلومات حاصل کریں۔واضح رہے کہ قطر ایئرویز کی جانب سے پروازوں کی معطلی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن مشرق وسطیٰ کے دورے پر قطر پہنچے تھے۔اس سے قبل انٹونی بلینکن اسرائیل اور سعودی عرب کی قیادت سے ملاقاتوں میں غزہ اور لبنان میں جنگ بندی پر بھی بات چیت کر چکے ہیں۔