اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ائٹ ہاؤس نے ایران پر اسرائیل کے حملے کو تل ابیب کی طرف سے اپنے دفاع کی مشق قرار دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران پر حملوں سے کچھ دیر قبل امریکی صدر بائیڈن کو ممکنہ اسرائیلی کارروائی کے بارے میں آگاہ کیا گیا تھا۔امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان شان سیویٹ نے کہا ہے کہ فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے یہ آپریشن اسرائیل کی جانب سے اپنے دفاع کی مشق ہے اور یہ یکم اکتوبر کو اسرائیل پر ایران کے بیلسٹک میزائل حملوں کا ردعمل ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ایران کے خلاف اسرائیلی فوجی کارروائی میں امریکا کا کوئی کردار نہیں، وہ ایران پر اسرائیلی حملوں سے آگاہ ہیں اور صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے ایران پر فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر حملوں کے جواب میں ایران میں فوجی اہداف پر حملوں نے اسرائیل کے دفاعی نظام کو مکمل طور پر متحرک کر دیا ہے۔ایران کے سرکاری میڈیا نے ایران کے دارالحکومت تہران اور قریبی شہر کاراج میں کئی طاقتور دھماکوں کی تصدیق کی ہے۔