اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے ملاقات کی۔آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر کی قیادت میں وفد وزارت خزانہ پہنچا اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ابتدائی ملاقات کی۔ وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے وفد کا استقبال کیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ملاقات میں 7 ارب ڈالر کے قرضہ پروگرام پر عملدرآمد میں اب تک ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے بیشتر اہداف حاصل کر لیے گئے ہیں اور پروگرام پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے معاشی استحکام کے تسلسل کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے، وفد 15 نومبر تک پاکستان میں رہے گا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے وفد سے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان، ٹریک اینڈ ٹریس، ریٹیلرز اسکیم پر مذاکرات آج ہوں گے۔ تبدیلی کے منصوبے کے تحت ایف بی آر کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
62