اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بھارت سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب بھارت میں پرفارم نہیں کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلجیت دوسانجھ نے ہفتے کو چندی گڑھ میں ہاؤس فل کنسرٹ میں شاندار پرفارمنس دی تاہم اس دوران انہوں نے اپنے مداحوں کو اس وقت حیران کر دیا جب انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مستقبل میں بھارت میں کوئی شو نہیں کریں گے۔
دلجیت دوسانجھ نے اس فیصلے کی وجہ بھارت میں کنسرٹس کے لیے ناقص انفراسٹرکچر اور انتظامات کو قرار دیا اور حکام سے اپیل کی کہ وہ بہتر سہولیات فراہم کریں کیونکہ ملک میں کنسرٹ انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔
چندی گڑھ میں اپنے کنسرٹ کے اختتام پر دلجیت نے حکومت اور متعلقہ حکام سے خطاب کیا اور ان سے کہا کہ وہ ملک میں لائیو شوز کے لیے بنیادی ڈھانچے پر توجہ دیں۔
پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ میں حکام کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے یہاں لائیو شوز کے لیے مناسب سہولیات نہیں ہیں، یہ ایک بڑا ریونیو جنریٹنگ سسٹم ہے اور بہت سے لوگ اس میں کام کر رہے ہیں، براہ کرم اس پر غور کریں۔
دلجیت دوسانجھ نے مزید کہا کہ چندی گڑھ انتظامیہ کو گلوکاروں اور فنکاروں کو پریشان کرنے کے بجائے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ہندوستان میں اس وقت تک شو نہیں کریں گے جب تک بہتر انتظامات نہیں کئے جاتے۔