اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں سے پاکستان کے دفاعی اور دفاعی فیصلوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے امریکا کے نام اپنے دوٹوک پیغام میں کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے فیصلے پاکستانی قوم کرے گی اور کسی بیرونی دباؤ سے متاثر نہیں ہوگی۔ پاکستان کے میزائل پروگرام پر امریکی پابندیاں غیر ضروری اور غیر منصفانہ ہیں۔ یہ اقدامات پاکستان کی دفاعی پوزیشن کو کمزور نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ماضی میں مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم ملک نے ہمیشہ اپنی سلامتی پر توجہ دی ہے ۔ پاکستان کے میزائل پروگرام سے امریکہ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے خطے میں میزائل سسٹم اور ایٹمی ٹیکنالوجی کی دوڑ شروع کر دی ہے اور بڑی طاقتوں کو بھارت کے خلاف سخت اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ اس دوڑ کو روکنے میں مدد مل سکے۔
فوجی عدالتوں کے حوالے سے یورپی یونین کے تحفظات کا جواب دیتے ہوئے ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور عدالتیں اندرونی مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو حل کرنا جانتی ہے اور اس معاملے میں کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں امریکا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کی تیاری پر چار پاکستانی اداروں پر پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔