اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی شہر لاس ویگاس میں نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملکیت والے ٹرمپ ہوٹل کے باہر ایلون مسک کی کمپنی کا ٹیسلا سائبر ٹرک پھٹنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ بدھ کو لاس ویگاس میں ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل کے باہر ٹیسلا سائبر ٹرک میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق سائبر ٹرک ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹل کے شیشے کے دروازوں کے سامنے آکر رکا اور پھر اچانک دھماکہ ہوا اور ٹرک میں آگ لگ گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے میں ہلاک ہونے والا شخص سائبر ٹرک میں سوار تھا جب کہ 7 دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔اس واقعے کے بعد ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے ایکس پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے پہلے کبھی ایسا کچھ نہیں دیکھا۔
ایلون مسک نے کہا کہ سائبر ٹرک میں دھماکا ممکنہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی تھی، اور ایک سینئر ٹیم اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی ممکنہ دہشت گردانہ کارروائی کے طور پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جو بائیڈن کو دھماکے کی اطلاع دی گئی اور انہوں نے ہر قسم کی مدد کی پیشکش کی ہے۔