اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 63 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
المواسی کے محفوظ علاقے پر بمباری میں بارہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیل نے خان یونس میں غزہ کے کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 45 ہزار 581 ہو گئی ہے۔شدید سردی اور سہولیات کی کمی کے باعث ایک اور نومولود جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد غزہ میں شدید سردی سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 8 ہو گئی۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بھی حملہ کیا۔دریں اثناء اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک وفد کو حماس کے ساتھ مذاکرات کا اختیار دے دیا۔ اسرائیلی مذاکراتی ٹیم میں فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکار شامل ہیں۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی مذاکرات قطر میں ہوں گے۔