اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)شدید دھند کے باعث لاہور، سیالکوٹ اور رحیم یار خان میں موٹر ویز کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق لاہور سے حران مینار تک موٹروے M2، سیالکوٹ سے لاہور تک موٹروے M11 اور رحیم یار خان سے روہری تک موٹروے M5 کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان نے کہا کہ دھند میں لین کی خلاف ورزیاں حادثات کا باعث بن سکتی ہیں، اس لیے سڑک استعمال کرنے والوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دھند میں لین کے نظم و ضبط کو یقینی بنائیں۔
ترجمان نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ دن کی روشنی کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ سفر کرنے کو ترجیح دیں، دھند کے موسم میں سفر کا بہترین وقت صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہوتا ہے۔
مزید برآں ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کے دوران دوسری گاڑیوں کو بہتر طور پر دیکھنے کے لیے سامنے اور پیچھے کی فوگ لائٹس استعمال کریں۔
موٹر وے پولیس نے عوام سے غیر ضروری سفر سے بچنے کی اپیل بھی کی ہے اور انہیں تیز رفتاری سے بچنے کی ہدایت کی ہے۔