اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیوز ) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کی تباہ کاریوں سے بچ جانے والے ملبے کو صاف کرنے میں 21 سال لگ سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں تباہ ہونے والی عمارتوں اور دیگر انفراسٹرکچر کا ملبہ ہٹانے میں 21 سال لگ سکتے ہیں اور 12 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے اور گزشتہ روز اسرائیلی کواڈ کاپٹر (ڈرون) نے رفح میں ملبہ صاف کرنے والے افراد پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور چار زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں سے فلسطینی شہداء کی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 200 سے زائد لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ خدشہ ہے کہ مزید 10 ہزار سے زائد لاشیں ملبے تلے دبی ہو سکتی ہیں۔