اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سوڈان کے ایک ہسپتال پر ڈرون حملے میں 30 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان کی شمالی دارفر ریاست کے شہر الفشر کے ایک ہسپتال کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق الفشر کا ‘سعودی ہسپتال ریاست شمالی دارفور کا آخری کام کرنے والا ہسپتال تھا۔ حملے میں ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا جبکہ مرنے والوں میں مریض اور ان کے ساتھ آنے والے افراد بھی شامل ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابھی تک اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے کہ ہسپتال پر کس گروپ نے حملہ کیا۔واضح رہے کہ سوڈان 2023 سے خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے اور سوڈانی فوج ریپڈ سپورٹ فورس (RSF) نامی مسلح تنظیم کے خلاف جنگ میں مصروف ہے، جو پہلے سرکاری فوج کے ساتھ مل کر کام کر چکی ہے۔رپورٹ کے مطابق ریپڈ سپورٹ فورس گزشتہ سال مئی سے الفشر شہر کا محاصرہ کر رہی ہے لیکن سوڈانی فوج کی مزاحمت کا سامنا کرنے کی وجہ سے وہ شہر کا کنٹرول نہیں لے سکی۔