اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت میں گائے اور بچھڑا لے جانے والے ٹرک کے مالک اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہریانہ کے ضلع پلوال میں مشتعل ہجوم نے گائے اور بچھڑے کو لے جانے والے ٹرک کو گھیر لیا۔یوسف نامی نوجوان مسلمان ٹرک میں سوار تھا اور اس نے ہجوم کو بتایا کہ گائے اور بچھڑا بیمار ہیں اور وہ انہیں علاج کے بعد گھر لے جا رہے ہیں۔ تاہم مشتعل ہجوم نے ایک نہ سنی اور یوسف اور اس کے ساتھ موجود ٹرک ڈرائیور کو لاٹھیوں، گھونسوں اور لاتوں سے مارا پیٹا۔28 سالہ یوسف شدید زخمی ہوا اور اسے پہلے مقامی ہسپتال اور پھر دہلی کے ایک بڑے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ یوسف کا ساتھی اور ٹرک ڈرائیور شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔بھارتی پولیس نے 10 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔واضح رہے کہ بھارت کی متعدد ریاستوں میں گائے کے ذبیحہ پر پابندی ہے اور اس قانون کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گائے کے تحفظ کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔