اردوورلڈ ( ویب نیوز )پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ حکومت نہیں چاہتی کہ مذاکرات ہوں اور کوئی حل نکلے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے اپنے مطالبات حکومت کو پیش کیے، حکومت نے مذاکرات میں تاخیر کی، حکومت سنجیدہ ہوتی تو جواب دیتی۔ حکومت نے کہا کہ وہ 28 جنوری کو کمیٹی روم میں جواب دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا کہا تھا، لیکن حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا۔ حکومت نہیں چاہتی تھی کہ مذاکرات ہوں اور کوئی حل نکالا جائے۔ ہم پر ہر قسم کی سختیاں مسلط کی گئیں لیکن اس کے باوجود تحریک انصاف کے بانی نے مذاکرات میں پہل کی۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے علاوہ کسی سے نہیں ملا۔علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ مذاکرات پی ٹی آئی کی کمزوری نہیں، جن کے پاس 17 سیٹیں ہیں ان سے مذاکرات کیوں کریں۔انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا کے گھر پر حملہ کیا گیا اور مذاکراتی کمیٹی پر حملہ کیا گیا۔ 8 فروری کا دن پھر آرہا ہے۔ 8 فروری کو پورے پاکستان نے 9 مئی کے بیانیے کو مسترد کر دیا۔ ہمیں 8 فروری کو یوم سیاہ کے طور پر منانا ہے۔