اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ساتھیوں کو خبردار کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کینیڈا پر حملے کی دھمکی حقیقت پر مبنی ہے۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کینیڈا پر قبضہ کرنے کی دھمکی حقیقت پر مبنی ہے۔ ٹرمپ کی نظریں کینیڈا کی اہم ترین معدنیات پر ہیں، اور کینیڈا کو امریکی خطرے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔امریکی میڈیا کے مطابق کینیڈین وزیراعظم کے یہ بیان دینے سے قبل مقامی میڈیا کو کمرے سے باہر نکال دیا گیا۔تاہم ٹورنٹو اسٹار اور سی بی سی نے کینیڈین وزیراعظم کی آواز ریکارڈ کی تھی۔ٹروڈو نے کہا کہ امریکا جانتا ہے کہ ہمارے وسائل کیا ہیں اور وہ ان سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ تاہم، ٹرمپ کا ماننا ہے کہ سب سے آسان طریقہ کینیڈا سے الحاق کرنا ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ کینیڈا کے خلاف اقتصادی طاقت کا استعمال کریں گے اور کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بننا چاہیے۔جس پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا کو آخری وقت تک امریکا میں ضم نہیں کیا جائے گا۔