اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی محکمہ خارجہ نے اسرائیل کو 7.4 بلین ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔
کانگریس کے ڈیموکریٹک ارکان نے ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت کو روکے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کانگریس کو ہتھیاروں کی دو الگ الگ کھیپوں سے آگاہ کیا گیا، جن میں سے ایک کی مالیت 6.75 بلین ڈالر ہے۔ اس میں گولہ بارود، رہنمائی کٹس اور دیگر متعلقہ سامان کے علاوہ 166 چھوٹے قطر کے بم، 2,800 پانچ پاؤنڈ وزنی بم وغیرہ شامل ہیں۔ ان ہتھیاروں کی ترسیل اس سال شروع ہو جائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوری میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اسرائیل کو 2 ہزار پاؤنڈ وزنی بم فراہم کرنے کی اجازت دی تھی۔ ان بموں کی ترسیل پر جو بائیڈن انتظامیہ نے ان خدشات کے پیش نظر پابندی عائد کر دی تھی کہ ان سے شہری ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔ اسرائیل کو امریکی ہتھیاروں کی دوسری کھیپ میں 3000 Hellfire میزائل اور متعلقہ آلات شامل ہیں۔ ان ہتھیاروں کی مالیت 660 ملین ڈالر ہے اور ان کی ترسیل 2028 میں شروع ہونے کی امید ہے۔