اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیو ز ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے غیر ملکی دورے پر روانہ ہونے سے قبل ان کے طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد سیکیورٹی افسران کی دوڑیں
ممبئی پولیس کو دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ امریکی دہشت گرد مودی کے طیارے کو اڑا دیں گے۔ فون کرنے والے نے مزید کہا کہ یہ وہی دہشت گرد گروہ ہے جس نے چھ ماہ قبل امریکہ میں ایک طیارے کو نشانہ بنایا تھا جس میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔دھمکی دینے والے شخص کا کہنا تھا کہ اسی گروپ نے طیارے میں بم نصب کیا تھا اور اب مودی کو موت سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ دھمکی آمیز کال موصول ہونے پر ممبئی پولیس نے سیکورٹی ایجنسیوں کو مطلع کیا اور سیکورٹی کلیئرنس ملنے تک طیارے کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا۔
بعد ازاں پرواز کے لیے کلیئرنس دے دی گئی کیونکہ طیارے سے کچھ برآمد نہیں ہوا۔ کال کرنے والے نے اپنا فون بند کر دیا جس کی وجہ سے اسے تلاش کرنا مشکل ہو گیا۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ پولیس کو ماضی میں اس نمبر سے 1400 سے زیادہ کالیں موصول ہوئی تھیں۔پولیس بعد ازاں ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی جو ذہنی طور پر غیر مستحکم ہے تاہم تفتیش مکمل ہونے تک اسے حراست میں رکھا جائے گا۔