اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )دنیا کے پہلے ہم جنس پرستوں کے امام مانے جانے والے محسن ہینڈرکس کو جنوبی افریقہ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے انہیں جنوبی شہر گیبرا کے قریب نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق محسن ہینڈرکس ایک اور شخص کے ساتھ گاڑی میں سوار تھے کہ ایک گاڑی ان کے سامنے آکر رکی۔ دو نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے محسن ہینڈرکس موقع پرچل بسے ، جب کہ ان کے ساتھ موجود ڈرائیور کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔قتل کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایسی کسی بھی معلومات کے ساتھ سامنے آئیں جس سے اس معاملے میں مدد مل سکتی ہے۔
محسن ہینڈرکس کا تعلق ایل جی بی ٹی کیو مسلم کمیونٹی سے تھا اور وہ 1996 میں ہم جنس پرستوں کے امام کے طور پر سامنے آئے تھے۔ انہوں نے کیپ ٹاؤن، جنوبی افریقہ کے قریب الغربا مسجد میں نماز کی امامت کی، جسے ہم جنس پرستوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا تھا۔یہ قتل جنوبی افریقہ میں ٹارگٹ کلنگ اور مذہبی آزادی پر نئے سوالات اٹھا رہا ہے جب کہ ایل جی بی ٹی کیو تنظیموں نے محسن ہینڈرکس کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے۔