اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) 24 گھنٹوں کے دوران چین، ملائیشیا، ترکی اور سعودی عرب سمیت 8 ممالک سے مزید 67 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ۔
14 کو حراست میں لے کر انسداد انسانی سمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔سعودی عرب سے 36 پاکستانیوں کو بھیک مانگنے، منشیات کی سمگلنگ، مفرور، بغیر اسپانسر کے کام کرنے، زائد قیام، پاسپورٹ ٹمپرنگ اور غیر قانونی داخلے سمیت مختلف الزامات پر ڈی پورٹ کیا گیا۔ ان میں سے ایک بلیک لسٹ ہے۔ قبرص میں امیگریشن نے 1 پاکستانی سمیت 3 افراد کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک بدر کر دیا۔ترکی نے ایک پاکستانی کا رہائشی اجازت نامہ منسوخ کر دیا، ملائیشیا نے ایک پاکستانی کے داخلے پر پابندی لگا دی، چین نے ایک پاکستانی کے داخلے سے انکار اور ایک پاکستانی کو ملک بدر کر دیا۔غیر قانونی طور پر عراق میں داخل ہونے والے آٹھ افراد سمیت بارہ پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات سے 10 پاکستانیوں کو منشیات کی سمگلنگ، ریپ کیسز، قتل، فراڈ، قید اور چوری سمیت مختلف الزامات میں ڈی پورٹ کیا گیا۔کمبوڈیا میں فراڈ کمپنی کے ساتھ کام کرنے پر 1 پاکستانی کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔