اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) دبئی پولیس نے رمضان المبارک کے دوران "ایک باشعور سوسائٹی، بھکاریوں سے پاک” مہم کے ایک حصے کے طور پر 10 غیر قانونی دکانداروں کو گرفتار کیا۔
دبئی پولیس کے مطابق گرفتار افراد بغیر لائسنس کے عوامی مقامات پر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کر رہے تھے جو کہ صحت کے ضوابط اور عوامی تحفظ کے خلاف ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد نے غیر قانونی طور پر لیبر کیمپوں کے قریب کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرکے عوام کو اپنی طرف متوجہ کیا، لیکن ان کے پکوان غیر صحت بخش حالات میں تیار کیے گئے، جس سے بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔دبئی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی دکانداروں سے سامان خریدنے سے گریز کریں اور پولیس ایپ پر 901 کال سینٹر یا ‘پولیس آئی سروس کے ذریعے ان کی اطلاع دیں۔دبئی پولیس نے صحت عامہ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے رمضان المبارک کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے گشت اور نگرانی میں اضافہ کیا ہے۔