اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پی آئی اے کی پہلی پرواز آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اتری ۔باکو کے حیدر علی ایئرپورٹ پر پرواز اور مسافروں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کے جاری کردہ بیان کے مطابق آذربائیجان میں پاکستانی سفیر قاسم محی الدین، ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر تیمور حسن اور وزیر ٹرانسپورٹ رشد نبی نے پرواز کا خیرمقدم کیا اور پی آئی اے اور پاکستانی سیاحوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔پرواز کے دوران ایک کیک بھی کاٹا گیا اور تحائف کے ساتھ ساتھ قرعہ اندازی کے ذریعے مسافروں میں موبائل فون بھی تقسیم کیے گئے۔ باکو سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز PK-160 واپسی کے لیے روانہ ہوئی۔واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے باکو جانے والی پہلی پرواز صبح 11:50 بجے روانہ ہوئی اور وزیر دفاع اور ہوابازی خواجہ محمد آصف نے لاہور ایئرپورٹ پر اسے دیکھا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل لوگوں کا خیال تھا کہ پی آئی اے کبھی بھی مشکلات سے نہیں نکل سکے گی تاہم وزیراعظم کی قیادت میں جامع اصلاحاتی پروگرام کے بعد پی آئی اے اپنے پیروں پر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنے نیٹ ورک کو بڑھا رہی ہے ۔