اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) دنیا کی قدیم تریم میراتھن میں دو پاکستانیوں نے منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ۔
کراچی کے دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیض پہن کر بوسٹن میراتھن مکمل کی اور شلوار قمیض میں تیز ترین میراتھن کا ریکارڈ قائم کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے مل کر اپنی ریس کا آغاز کیا اور اسے 3 گھنٹے 26 منٹ میں ایک ساتھ مکمل کیا۔یہ پہلا موقع تھا جب کسی رنر نے 4 گھنٹے سے کم وقت میں شلوار قمیض پہن کر میراتھن مکمل کی تھی۔ریکارڈ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانش الٰہی نے کہا کہ یہ ریکارڈ پورے پاکستان کا ہے۔ بوسٹن جیسی تاریخی ریس میں یہ ریکارڈ حاصل کرنا کافی یادگار ہے۔اس کے علاوہ رنر فیصل شفیع نے کہا کہ انہوں نے یہ سب کچھ پاکستان کی بہتر امیج کو اجاگر کرنے کے لیے کیا ہے اور جب وہ وطن واپس آئیں گے تو اسے بھی منائیں گے۔واضح رہے کہ کینیا کے جان کورر نے دنیا کی قدیم ترین بوسٹن میراتھن کے 129ویں ایڈیشن کا مردوں کا ٹائٹل جیتا تھا۔پچھلے سال کی فاتح سیس لیما نااہل ہونے کی وجہ سے ریس کے دوران دستبردار ہوگئیں۔دوسری جانب کینیا کی ایتھلیٹ شیرون لوکیڈی بھی خواتین کے مقابلے میں کامیاب رہیں اور تیز ترین وقت میں ریس مکمل کی۔