اردو ورلڈ کینڈا ( ویب نیوز ) امریکہ نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹامی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم ان لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں جن کے پیارے اس واقعے میں مارے گئے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان امن قائم کرنے میں کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹامی بروس نے س معاملے پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صورتحال پر مزید کچھ نہیں کہیں گی ،صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو پہلے ہی اس معاملے پر بات کر چکے ہیں۔،ہم نے معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے اس سوال پر کہ کیا ٹرمپ انتظامیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے میں کوئی کردار ادا کر رہی ہے؟ترجمان ٹمی بروس نے کہا کہ صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور یقینی طور پر اس وقت ہم کشمیر یا جموں کی حیثیت پر کوئی پوزیشن نہیں لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔