اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز ) کینیڈا میں پاکستانی امیدواروں کی ریکارڈ تعداد کے ساتھ 28 اپریل کو وفاقی انتخابات ہوں گے۔کینیڈا میں 28 اپریل کو وفاقی انتخابات ہونے والے ہیں
جس میں پاکستانی نژاد امیدواروں کی ریکارڈ تعداد بھی حصہ لے رہی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستانی نژاد کینیڈینوں کی سب سے بڑی تعداد لبرل پارٹی آف کینیڈا کے پلیٹ فارم پر الیکشن لڑ رہی ہے جن کی تعداد 15 ہے۔نیو ڈیموکریٹک پارٹی نامی سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر پاکستانی نژاد 10 کے قریب امیدوار بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ایک اور سیاسی جماعت سینٹرسٹ پارٹی کا سربراہ بھی پاکستانی نژاد ہے اور پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والے زیادہ تر امیدواروں کے بھی پاکستان سے تعلقات ہیں۔سینٹرسٹ پارٹی کے سربراہ کی بیٹی زینب رانا بھی الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ وہ گریڈ 12 کی طالبہ ہے اور اس وقت سب سے کم عمر امیدوار ہے۔ان تینوں جماعتوں کے علاوہ کینیڈا کی گرین پارٹی کی طالبہ آفرا بیگ سمیت تین پاکستانی امیدوار بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔اسی طرح دوسری پارٹی کمیونسٹ پارٹی کے پاکستانی نژاد امیدوار سلمان ظفر اور پیپلز پارٹی آف کینیڈا کے نجیب بٹ بھی میدان میں اترے ہیں۔پارٹی کی بنیاد پر الیکشن لڑنے والوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی نژاد 5 امیدوار بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے۔واضح رہے کہ پاکستانی نژاد پانچ امیدوار سلمیٰ زاہد، اقرا خالد، شفقت علی، یاسر نقوی اور سمیر زبیری پارلیمنٹ کے رکن رہ چکے ہیں۔