اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارت آبی جارحیت سے باز نہ آیا ، کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک دیا ، پاکستان کے زیر انتظام علاقوں میں پانی کی شدید قلت کا خدشہ۔
بھارتی کارروائی کی وجہ سے دریائے نیلم میں پانی کے بہاؤ میں معمول کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد کمی آئی ہے۔بھارت کا کشن گنگا ڈیم، جو پانی کے سب سے متنازعہ منصوبوں میں سے ایک ہے، ایک بار پھر پاکستان کے لیے ماحولیاتی اور پانی کے چیلنج کے طور پر ابھرا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت نے حالیہ کشیدگی کے دوران عارضی طور پر ڈیم سے پانی چھوڑا تھا تاہم موجودہ حالات میں پانی کی اچانک کٹوتی سے پانی کی قلت پیدا ہو سکتی ہے اور وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں زرعی سرگرمیوں پر براہ راست اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بھارت نے دریائے چناب کو بیاس اور راوی کے نظام سے جوڑنے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا ہے جسے بین الاقوامی سطح پر سندھ آبی معاہدے کی روح کے خلاف سمجھا جا رہا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے پانی کے حصے کو محدود کرنے اور اسے ماحولیاتی اور اقتصادی دباؤ میں ڈالنے کے ہندوستان کے دیرینہ منصوبے کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے 23 اپریل 2025 کو پہلگام حملے کے بعد سندھ آبی معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی دی تھی۔. اس کے بعد بھارت نے پانی کو اسٹریٹجک ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے یکطرفہ طور پر انڈس واٹر ٹریٹی کو ختم کر دیا ہے۔