اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر اور پاکستان سے متعلق اشتعال انگیز بیانات پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے، ان بیانات کو علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان نےواضح کیا کہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے حالیہ بیانات کو گمراہ کن اور زمینی حقائق کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر سے متعلق اشتعال انگیز بیان بازی ترک کرنی چاہیے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے بامعنی مذاکرات کا راستہ اپنانا چاہیے ۔
اس کے علاوہ، دفتر خارجہ نے بھارتی سیاستدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی مقاصد کے لیے پاکستان کو اپنی سیاست میں گھسیٹنا بند کریں۔ ترجمان نے بھارتی وزیراعظم، وزیر خارجہ اور کابینہ کے دیگر اراکین کی جانب سے پاکستان مخالف بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات ہائپر نیشنلزم کو فروغ دینے اور بڑھتی ہوئی ملکی و بین الاقوامی تنقید سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔